ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / مسلم پرسنل لاء بورڈکی دستخطی مہم وقت کی ضرورت،مسلمان مہم کوکامیاب بنائیں

مسلم پرسنل لاء بورڈکی دستخطی مہم وقت کی ضرورت،مسلمان مہم کوکامیاب بنائیں

Sat, 22 Oct 2016 19:41:17  SO Admin   S.O. News Service

مولانامحمودمدنی کی اپیل،جمیعۃ علمائے ہندکے کارکنان مہم کی کامیابی کیلئے پوری سرگرمی کے ساتھ مصروفِ عمل
نئی دہلی22اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)جمعےۃ علماء ہند کے جنر ل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے مسلم پرسنل لاء بورڈ کے ذریعے چلائی جارہی دستخطی مہم کو وقت کی ضرورت بتاتے ہوئے تمام مسلمانوں بالخصوص جمعےۃ کے خدام و کارکنان کو متوجہ کیا ہے کہ وہ اس کا حصہ بن کر اپنے اپنے حلقوں میں لوگوں سے دستخط حاصل کریں ۔ مولانا مدنی نے کہا کہ پورے ملک میں جمعےۃ علماء ہند کے ذمہ داران وکارکنا ن پہلے سے ہی اس کام کوانجام دے رہے ہیں، تاہم اس کو پوری ذمہ داری سے نتیجہ خیز بنانے کی ضرورت ہے ۔مولانا مدنی نے کہا کہ جمعےۃ علماء ہند نے ہمیشہ ہر موڑ پر ملت اسلامیہ کی پاسبانی اورشریعت کی حفاظت کا فریضہ انجام دیا ہے ، لہٰذا وہ ایسے نازک وقت پر خاموش نہیں بیٹھ سکتی اور پوری قوت سے امت کے موقف کا دفاع کرے گی۔ مولانا مدنی نے کہا کہ جمعےۃ علماء ہند ۹۷ سالو ں سے شریعت مخالف مہم چلانے والوں کا مقابلہ کررہی ہے ، وہ انگریزوں کی ظالم سرکارکے سامنے بھی ہمت نہیں ہاری، نیزایسی مہموں کے سدباب کے لیے داخلی اور خارجی دونوں سطحوں پر کام کیا ،داخلی سطح پر قیام امارت ، انتخاب امیر ،محکمہ شرعیہ اور اصلاح معاشرہ کے پروگرام کو تحریک کی شکل میں چلایا ہے جس کا سلسلہ آج بھی جاری ہے نیز خارجی سطح پر شریعت ایپلی کیشن ایکٹ ۱۹۳۷ء کو قائم ونافذ کراکر اس بات کویقینی بنایا کہ مسلمان دستوری طور سے اپنے عائلی مسائل میں شریعت کے پابند ہوں گے ۔مولانا مدنی نے اس سے استدلال کرتے ہوئے کہا کہ شریعت میں عدم مداخلت کے سلسلے میں جو بات آج مسلمان کہہ رہے ہیں وہ دستور ، عدلیہ اور ملک کے قانون سے ہرگز باہر نہیں ہے ، بلکہ جمعےۃ علماء ہند کی مجلس عاملہ نے آج سے پچاس قبل ۱۹۶۶ء میں دستور ہند کی روشنی میں اس وقت کی سرکار کے انڈرسکریٹری مسٹر وی بی تہنس کو خط لکھ کر مسلمانوں کے متفقہ موقف سے آگاہ کردیا تھا کہ مسلمان اپنے دینی معاملات میں کسی قسم کی مداخلت برداشت نہیں کرسکتے او رنہ کسی دوسرے ملک کے کسی عمل کو اپنے لیے دلیل راہ بناسکتے ہیں ۔لیکن اس کے باوجود بھی کبھی شہناز شیخ، شاہ بانو او ر کبھی سائرہ بانو اوران جیسے ناموں کے بہانے مسلمانوں کو ذہنی اذیت پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔مولانا مدنی نے کہا کہ یہ معاملہ جب سے اٹھا ہے ، جمعےۃ علماء ہند فکر مند ہے اوراس سلسلے میں کئی اقدامات بھی کیے ہیں۔مولانا مدنی نے لوگوں سے صبر واستقلال سے کام لینے کی بھی اپیل کی او رکہا کہ ہوش مندی اوربہتر پلان کے ساتھ ہی جدوجہد کامیاب ہو تی ہے ۔


Share: